میکائے، 4 ستمبر(ایس او نیوز ؍آئی این ایس انڈیا)ہندوستان اے نے اپنے کھلاڑیوں کی آل راؤنڈرکارکردگی کی بدولت فائنل میں آج یہاں آسٹریلیا اے کو 57رنز سے شکست دے کر چہاررخی ون ڈے سیریز جیت لی۔ٹاس جیت کر پہلے بلے بازی کرنے اترے ہندوستان نے 50اوور میں چار وکٹ پر 266رنز بنائے اور پھر میزبان ٹیم کو 44.5اوور میں 209رنز پر ڈھیر کر دیا۔ہندوستانی اننگز کے ہیرو مندیپ سنگھ رہے جنہوں نے 108گیندوں میں 95رن بنائے۔انہوں نے 11چوکے لگائے۔مین آف دی میچ مندیپ نے کپتان منیش پانڈے(61)کے ساتھ مل کر ہندوستانی ٹیم کو مشکل اسکور تک پہنچایا۔شرییش ایئر نے بھی 41رنز کی مفید اننگز کھیلی۔آسٹریلیا کی جانب سے چار گیند بازوں نے ایک ایک وکٹ چٹکایا۔اس کے جواب میں آسٹریلیا اے نے باقاعدہ وقفے پر وکٹ گنوائے اور پوری ٹیم 44.5اوور میں آؤٹ ہو گئی۔یجوندر چاہل(34رن پر چار وکٹ)نے چار وکٹ حاصل کئے جبکہ دھول کلکرنی، کرو نائر اور اکشر پٹیل کو دو دو وکٹ ملے۔آسٹریلیا اے کے کپتان پیٹ ہینڈسکونب(43)نے ا یلیکس راس(34)کے ساتھ مل کر ٹیم کو ہدف کے قریب پہنچانے کی کوشش کی لیکن یہ جوڑی ٹوٹنے کے بعد ٹیم کی اننگز کو سمٹنے میں زیادہ وقت نہیں لگا۔ٹیم نے آخری پانچ وکٹ صرف 26رن جوڑ کر گنوائے۔آسٹریلیا اے کی جانب سے اوپنر کیمرون بینکرافٹ(34)اور نک میڈنسن(31)اچھی شروعات کو بڑی اننگز میں تبدیل کرنے میں ناکام رہے۔ہندوستان اے نے گزشتہ سیریز جیتی ہیں اور ہر بار اس نے فائنل میں آسٹریلیا اے کو شکست دی ہے۔سیریز کی دو دیگر ٹیمیں جنوبی افریقہ اے اور آسٹریلیا نیشنل پرفورمیس ٹیم تھی۔